انکولہ 11/ستمبر(ایس او نیوز) انکولہ کے کنچین باگیلو نامی مقام پر پیش آنے والے واقعہ میں ایک شخص نے اپنی بیوی کے قتل کی سازش ناکام ہونے پرگھبراہٹ اور خوف کی وجہ سے خود کشی کرلی۔ خود ہی اپنی بیوی کو قتل کرنے کی سازش رچنے اور پھر خودکشی کرلینے والے اس شخص کانام منجو ناتھ سدپّا دوڈ منے (۲۳ سال) بتایا جاتا ہے، جو کہ دھارواڑ کا رہنے والا تھا اور محکمہ ریلوے میں ملازم تھا۔
کہتے ہیں کہ منجوناتھ سدپّا کی بیوی نے گزشتہ ماہ ہی ایک بچے کو جنم دیا تھا۔ اب دھارواڑ سے انکولہ کی طرف بیوی کو بائک پر لاتے ہوئے راستے میں اس نے بیوی کو قتل کرنے کی کوشش کی۔ اتفاق سے مقامی لوگوں کی نظر اس پر پڑی تو خاتون کو بچانے کے لئے دوڑ پڑے۔ لوگوں کو اپنے قریب آتا دیکھ کرمنجوناتھ اپنی بائک پر وہاں سے فرار ہوگیا۔زخمی خاتون کو مقامی لوگوں نے اسپتال میں داخل کیا اورانکولہ پولیس نے معاملہ درج کرلیا۔ پولیس جب موقعہئ واردات کا معائنہ کرنے کے لئے پہنچی توتھوڑی ہی دور ی پر ایک درخت سے منجوناتھ کی لاش پھانسی پر لٹکی ہوئی دستیاب ہوئی۔اب اس پورے معاملے کی سچائی جاننے کے لئے پولیس کی تحقیقات جاری ہے۔